26 ستمبر 2017 - 16:03
عزاداری کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے: آئی ایس او

زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ امامیہ اسکائوٹس نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کے شہریوں کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لاہور ( )امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے امامیہ چیف اسکائوٹ زاہد مہدی نے لاہور میں اسکائوٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں ملک بھر میں مجالس اور جلوس ہائے عزا کی سکیورٹی کے فرائض امامیہ اسکائوٹس انجام دیں رہے ہیں، تاکہ عزاداری اور مقدس مقامات، امام بارگاہ و مساجد کو انتہا پسندانہ طاقتوں کے شر سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امامیہ اسکائوٹس ملکی حالات کے پیش نظر محرم میں کسی بھی ناخوشگوار حادثہ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ امامیہ اسکائوٹس نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کے شہریوں کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہمیشہ سرگرم عمل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور جلد پاک وطن سے تکفیری اور شرپسند عناصر کا خاتمہ ہوجائے گا۔امامیہ چیف اسکائوٹ زاہد مہدی نے اس موقع پراس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ عزاداری کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے کیونکہ آج عزاداری امام حسین معاشرے کے ہر طبقہ ہائے زندگی کے ہر فرد کی ضرورت بن چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں نوجوانوں کو ایک نئے جوش اور بلند عزم کیساتھ میدان عمل میں ہونا چاہیئے اور وہ اپنی ملت کے تمام افراد اور مقدسات کی حفاظت کریں، انہوں نے کہا کہ امامیہ سکائوٹس ایام محرم میں تمام سیکورٹی اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲